پاکستان: معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر مسٹر پتلو، جن کا اصل نام محمد انصار ہے، کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
مسٹر پتلو نے ایک پروقار تقریب میں نکاح کیا۔ اس خاص موقع پر انہوں نے روایتی کڑھائی سے مزین خوبصورت کریم رنگ کی شیروانی زیب تن کر رکھی تھی، جبکہ گلے میں سرخ اور سفید پھولوں کے ہار بھی پہنے ہوئے تھے۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں انہیں نکاح کے بعد بازو پر امام ضامن باندھے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ دعا مانگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
نکاح کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں، ساتھی ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب ان کی شادی کی بڑی تقریبات کا آغاز 31 اکتوبر سے ہوگا، جو نومبر کے پہلے ہفتے تک جاری رہیں گی۔
مسٹر پتلو نے اپنی شادی کے موقع پر 20 مستحق اور یتیم بچیوں کی شادیاں کروانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے مداحوں میں لاکھوں روپے مالیت کے تحائف تقسیم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جن میں ایک گاڑی، موٹر سائیکلیں اور نقد رقم شامل ہیں۔
ان کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہیں اور مداح آئندہ تقریبات کی مزید تصاویر اور ویڈیوز دیکھنے کے منتظر ہیں۔
