یورپ بھر میں مسافر طیاروں کو جعلی بم کی دھمکیاں ملنے کے باعث فضائی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔ جمعرات کے روز تقریباً 30 پروازیں ان دھمکیوں کی زد میں آئیں، جس کے نتیجے میں متعدد طیاروں کا رخ تبدیل کرنا پڑا، جبکہ بعض پروازوں کو ہنگامی طور پر اتارا گیا۔
آئرلینڈ، برطانیہ، فرانس، اٹلی، بلغاریہ، پولینڈ اور دیگر یورپی ممالک کی پروازیں متاثر ہوئیں۔ بعض طیاروں کو فوجی لڑاکا طیاروں نے حفاظتی حصار میں لیا، جبکہ ایئرپورٹس پر سیکیورٹی اہلکاروں اور بم ڈسپوزل ٹیموں نے مکمل تلاشی لی۔
حکام کے مطابق اب تک کسی بھی متاثرہ طیارے سے دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور تمام واقعات کو جعلی دھمکیاں قرار دیا جا رہا ہے۔
ان واقعات کے باعث مسافروں کو طویل انتظار، پروازوں میں تاخیر اور سفری منصوبوں میں تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
تاحال حکام یہ معلوم نہیں کر سکے کہ ان دھمکیوں کے پیچھے کون ملوث ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ یورپی یونین نے مختلف ممالک کے درمیان فضائی سیکیورٹی معلومات کے تبادلے کا نظام فعال کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسی جعلی دھمکیاں فضائی سفر میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور ایئرلائنز کو مالی نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتی ہیں۔
