اسلام آباد، 9 نومبر 2026: اسلام آباد پولیس نے رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران 20 ہزار 883 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ایک ارب 62 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ڈکیتی، راہزنی، گھروں میں چوری، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری سمیت مختلف جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف کی گئیں۔ اس دوران 509 جرائم پیشہ گروہوں کے 1,197 ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار گروہوں کے قبضے سے 194 گاڑیاں، 668 موٹر سائیکلیں، سونے کے زیورات اور قیمتی موبائل فون برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 10 ماہ میں 5 ہزار سے زائد اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں 2,112 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن کے قبضے سے 189 کلاشنکوفیں اور رائفلیں، 32 شاٹ گنز اور کاربین، 1,757 مختلف اقسام کے پستول، 174 خنجر اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا۔ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں بھی 1,527 ملزمان کو گرفتار کرکے 232 کلوگرام سے زائد چرس، 138 کلوگرام سے زیادہ ہیروئن اور 194 کلوگرام آئس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں 1,915 بڑے سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ کے 105 مقدمات میں 126 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد علی وسیم نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز، مؤثر گشت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہر میں جرائم پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
