پاکستان میں انسدادِ پولیو کی تازہ ترین ملک گیر مہم کے دوران 97 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا دیے گئے۔
مہم 2 سے 8 نومبر تک جاری رہی، جس میں 2 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز نے حصہ لیا۔ پولیو ورکرز نے مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
مہم کے دوران سندھ میں تقریباً 71 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جس سے ملک گیر مہم میں صوبے کی اہم شرکت سامنے آئی۔
ویکسینیشن مہم میں نمایاں پیش رفت کے باوجود پاکستان میں پولیو کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ سال 2026 کے دوران اب تک ملک میں پولیو کے 9 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت اور متعلقہ حکام نے پولیو کے خاتمے کے لیے ویکسینیشن مہم مسلسل جاری رکھنے اور عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے
