وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا موجودہ سیاسی اور انتظامی نظام عام عوام کے بجائے اقتدار میں موجود لوگوں کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔
چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور بہتر حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے بہت بڑا صوبہ ہے اور ہر ضلع کو وسائل میں برابر کا حصہ ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام وسائل صرف ایک وزیراعلیٰ کے کنٹرول میں نہیں ہونے چاہئیں۔
قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوریت کا فقدان ہے اور زیادہ تر اختیارات ایک یا دو افراد کے ہاتھوں میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو حکومت کرنے کا موقع ملا، لیکن موجودہ نظام عام عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ پاکستان کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جو عام شہریوں کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے کام کرے۔
