پاکستان 15 اور 16 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔
دو روزہ اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان اور تنظیم کے سیکریٹریٹ کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون کو فروغ دینا، تجارتی تعلقات کو بہتر بنانا اور معاشی انضمام کو مضبوط کرنا ہے۔
اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کے اجلاس میں تنظیم کی جاری سرگرمیوں اور پروگراموں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اہم علاقائی معاملات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔
پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھال رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان نے تنظیم کے لیے "علاقائیت کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او” کا موضوع منتخب کیا ہے۔
پاکستان کی ترجیحات میں علاقائی رابطوں کو بہتر بنانا، ٹرانسپورٹ کے نظام کو مضبوط کرنا، تجارت کے مواقع بڑھانا، رسد کے نظام کو آسان بنانا اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینا شامل ہے۔
اس اجلاس کو رکن ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مضبوط بنانے اور مشترکہ معاشی ترقی کے لیے تعاون بڑھانے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کا مقصد وسطی ایشیائی ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں سے منسلک کرکے خود کو ایک اہم تجارتی اور علاقائی رابطہ مرکز کے طور پر ترقی دینا ہے۔
