کراچی: علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) کراچی میں سلیم حبیب یونیورسٹی کے اشتراک سے بائیومیڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (DAE) کے طلبہ کو شعبۂ صحت میں جدید ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔
سیشن کے مہمان مقرر اور سلیم حبیب یونیورسٹی کے سینئر لیکچرار انجینئر حسن علی نے طلبہ کو بائیومیڈیکل انجینئرنگ میں اعلیٰ تعلیم، صنعتی تربیت اور روزگار کے امکانات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹریکل، الیکٹرانکس اور مکینیکل انجینئرنگ سے تعلق رکھنے والے طلبہ طبی آلات کی مرمت و دیکھ بھال، ہسپتالوں میں تکنیکی معاونت، طبی مشینوں کی تیاری، معیار کی جانچ اور تحقیق کے شعبوں میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس پروگرام میں ایک سالہ صنعتی تربیت بھی شامل ہے، جس کے ذریعے طلبہ عملی تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر شعبۂ بائیومیڈیکل ٹیکنالوجی کی سربراہ انجینئر ردا فاطمہ نے کہا کہ انجینئرنگ کی مہارتوں کو شعبۂ صحت سے منسلک کرنے سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ طبی سہولتوں میں بہتری اور انسانی زندگیوں کے تحفظ میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پرنسپل انجینئر ڈاکٹر محمد کاشف شیخ نے سیشن کو طلبہ کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور عملی تربیت کے مواقع سے آگاہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعات اور فنی تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور نوجوانوں کو صنعتی ضروریات کے مطابق تربیت دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سیشن کے دوران طلبہ اور دیگر شرکا نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور بائیومیڈیکل ٹیکنالوجی میں تعلیم اور پیشہ ورانہ مواقع سے متعلق مختلف سوالات کیے
علیگڑھ انسٹیٹیوٹ میں بائیومیڈیکل ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
