جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا ہے کہ تاریخ کو محض ماضی کے واقعات کے مجموعے کے بجائے مستقبل کی تعمیر کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ مصنوعی ذہانت، جعلی خبروں اور الگورتھمز کے بڑھتے ہوئے اثرات نے سچائی کے تحفظ کو ایک بڑا چیلنج بنا دیا ہے، جس کے لیے حقائق کی تصدیق، تنقیدی سوچ اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کی تاریخ آخری مرتبہ 1975ء میں ڈاکٹر ریاض الاسلام نے تحریر کی تھی، جس کے بعد اس حوالے سے کوئی باضابطہ کام نہیں ہوا۔ جامعہ کی علمی و تحقیقی خدمات اور ادارہ جاتی ارتقا کو محفوظ بنانے کے لیے اس کی تاریخ ازسرِنو مرتب کرنا ضروری ہے۔
وائس چانسلر نے تعلیمی اداروں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات کی ذمہ داری محض ڈگریاں فراہم کرنا نہیں، بلکہ طلبہ میں تحقیقی، تخلیقی اور تنقیدی صلاحیتوں کو فروغ دینا بھی ہے۔ نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تعلیم کو سماجی ذمہ داری، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح سے مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز قائد اعظم محمد علی جناح کے 150ویں یوم ولادت کے سلسلے میں پاکستان اسٹڈی سینٹر کے زیر اہتمام سینٹر ہذامیں منعقدہ خصوصی لیکچر "قائد اعظم کا تصورپاکستان: قومی وحدت،جمہوری اقداراور ریاستی استحکام” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹڈی سینٹر اور یورپی مرکز میں پاکستانیت، قومی تشخص، سفارت کاری اور بین الاقوامی تعلقات کے موضوعات پر تحقیق کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان مراکز کو مؤثر اور فعال بنا کر معیاری تحقیق، تصنیف و تالیف اور علمی مکالمے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کرکے قومی شناخت کے تحفظ، باہمی اتحاد اور اجتماعی ترقی کے لیے عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تاریخ، تعلیم اور تحقیق کو سماجی ذمہ داری سے مربوط کرکے ہی ایک باشعور، ذمہ دار اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ تاریخ سے ایسے اسباق حاصل کرنا ضروری ہیں جو ہماری قومی شناخت اور تشخص کے تحفظ، باہمی اتحاد اور اجتماعی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔ ہمیں اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ قومی ترانے کا مطالعہ بھی ریاست کے تصور کو سمجھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ اگر قومی ترانے کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو اس میں ریاست کے تصور اور اس کے بنیادی مقاصد کی عکاسی ملتی ہے۔ انہوں نے قومی ترانے کے الفاظ ’’پاک سرزمین شاد باد‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ہم ایک خوش حال اور شاد و آباد پاکستان کا تصور تو پیش کرتے ہیں، لیکن اس خواب کی تعبیر کے لیے کن بنیادی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے؟
سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان میں تحقیق کا رجحان مسلسل کم ہوتا جارہا ہے، جب کہ جامعات میں تنقیدی سوچ (کریٹیکل تھنکنگ) کا عمل تقریباً ختم ہوچکا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے تصورِ پاکستان کے حوالے سے قیامِ پاکستان کے پہلے روز سے مختلف آرا موجود ہیں اور اس موضوع پر بحث آج تک نامکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخصیت کے بارے میں سب سے اہم بات یہ ہوتی ہے کہ اس کے مخالفین اس کے بارے میں کیا گواہی دیتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے نزدیک قائداعظم کے تصورِ پاکستان کی حقیقی عکاسی ان کی 11 اگست کی تقریر میں ملتی ہے، تاہم آج ہم پاکستان کے جس تصور کو پیش کررہے ہیں، وہ بظاہر قائداعظم کے اصل تصور سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ہمیں ایک ریاست قائم کرنی تھی، لیکن ہم نے پاکستان کو رئیل اسٹیٹ بنا دیا۔
مظہر عباس نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی قائداعظم کی تاریخ حقیقی معنوں میں لکھے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں قائداعظم کے اصل تصورِ پاکستان کو درست طور پر عوام کے سامنے پیش کرنے کی گنجائش دکھائی نہیں دیتی، کیونکہ اگر ان کے حقیقی وژن کو بیان کیا جائے تو ہائبرڈ نظام پر سوالات اٹھیں گے۔ قائداعظم کے تصورِ پاکستان میں مارشل لا کی کوئی گنجائش نہیں تھی، بلکہ وہ ایسی ریاست کا تصور رکھتے تھے جہاں ہر شہری کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کی بات کرتے تھے، لیکن پاکستان کا عدالتی نظام پہلے دن ہی سے سمجھوتوں کا شکار رہا ہے۔ ان کے بقول، ملک کا پورا عدالتی نظام نظریۂ ضرورت کے تحت آگے بڑھتا رہا اور ایسے تمام نظاموں کو آئینی قرار دیا گیا جو آئین توڑ کر اقتدار میں آئے۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ ملک میں پائے جانے والے انتشار کی ایک بڑی وجہ انصاف کی عدم فراہمی ہے۔ یہاں قانون کی حکمرانی کے بجائے حکمرانوں کی مرضی کا قانون نظر آتا ہے۔ ان کے مطابق، عدالتی نظام قیامِ پاکستان کے ابتدائی دور ہی سے زوال کا شکار رہا ہے، جس کے باعث عوام کے لیے انصاف کی فراہمی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔
مظہر عباس نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان ایک جمہوری اور شفاف پاکستان تھا، لیکن بدقسمتی سے ہماری سیاست میں بے شمار خرابیاں پیدا ہو چکی ہیں۔ کرپشن اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور یہ ہر سطح پر موجود ہے۔ بعض سطحوں پر ہونے والی بدعنوانیوں کا ذکر کیا جا سکتا ہے، جبکہ بعض معاملات ایسے ہیں جن کا کھل کر ذکر کرنا ممکن نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ احتساب کرنے والے بہت سے افراد اور ادارے خود احتساب کے مستحق ہیں۔
