ملک میں ڈینگی وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر قومی ادارہ صحت (NIH) نے پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں علامات، علاج اور بچاؤ کی مکمل گائیڈ لائنز شامل ہیں۔
وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ الرٹ کے تحت فوری اقدامات کریں اور موسم برسات سے قبل مؤثر سرویلنس اور تیاری کو یقینی بنائیں۔
این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ تین سالوں میں ملک بھر میں ڈینگی کے 78 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، اور ہر سال بارش کے موسم میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ معمول بن چکا ہے۔ ایڈوائزری میں اسکول، ہسپتال، زیر تعمیر عمارات اور ٹائر شاپس کو ڈینگی کے “ہاٹ سپاٹس” قرار دیتے ہوئے ان جگہوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی بریڈنگ سائٹس کا فوری خاتمہ ضروری ہے، اور کیس کنفرم ہونے پر ان ڈور اسپرے اور فوگنگ لازمی کی جائے۔
اس کے علاوہ نامزد ہسپتالوں میں فوری طور پر ڈینگی آئیسولیشن وارڈ قائم کیے جائیں اور مریضوں کا روزانہ ڈیٹا مرتب کیا جائے۔ معاشرے کے تمام طبقات کو آگاہی مہم میں شامل کر کے ڈینگی پر قابو پانے کی کوشش کی جائے۔
قومی ادارہ صحت نے واضح کیا کہ ڈینگی کے آؤٹ بریک کی صورت میں تحقیقات کے لیے ادارے کی تکنیکی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں اور وفاقی و صوبائی محکمہ صحت تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
