سابق پاکستانی کرکٹر معین خان نے اپنی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی افواہوں کی سختی سے نفی کر دی ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر غلط اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ 54 سالہ معین خان دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے ہیں، جس نے آن لائن صارفین میں بے چینی پیدا کر دی۔
اصل میں حیدرآباد (سندھ) کے 65 سالہ سینئر کرکٹر معین خان راجپوت کا انتقال ہوا تھا، مگر سوشل میڈیا صارفین نے غلطی سے سابق کپتان معین خان کی تصویر اور نام کے ساتھ یہ خبر پھیلا دی۔
افواہوں کے بعد سابق وکٹ کیپر نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر تندرست اور خیریت سے ہیں۔
انہوں نے جھوٹی خبر پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صبح سے چلنے والی یہ خبر انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بے بنیاد خبر کے باعث ان کے دوست اور جاننے والے شدید پریشان ہوگئے، سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے خبریں شیئر کرنا درست عمل نہیں، لوگوں کو چاہیے کہ کوئی بھی اطلاع دینے سے پہلے اس کی حقیقت جانچ لیا کریں۔
