پاکستان کے مشہور اور عالمی شہرت یافتہ اسٹنٹ ماسٹر سلطان محمد گولڈن نے، حال ہی میں دو گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد، مزید دو نئے عالمی ریکارڈ بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلطان گولڈن نے بتایا کہ ان کا اگلا ہدف جلتی ہوئی گاڑی پر جمپ (Burning Car Jump) اور ہوا میں کار کو فلپ کرانے کا نیا ریکارڈ قائم کرنا ہے۔
انہوں نے خصوصی طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پچھلے ریکارڈ قائم کرنے میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ سلطان گولڈن نے کہا کہ یہ تمام اعزازات وہ پاکستان کے نام کرتے ہیں۔
کوئٹہ سے لاہور واپسی پر شہر میں ان کا پھولوں کی بارش اور والہانہ استقبال کیا گیا۔
اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے سلطان گولڈن نے کہا کہ وہ حکومتی تعاون سے اسٹنٹ اکیڈمی قائم کرنا چاہتے ہیں، تاکہ نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کی جاسکے۔
