کراچی — کراچی میں طویل انتظار کے بعد مون سون کی بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق یہ مون سون سسٹم کیرتھر کے پہاڑی سلسلے کی طرف سے کراچی میں داخل ہوا، جس نے سب سے پہلے گلشنِ معمار، منگھوپیر اور گلشنِ اقبال کو اپنی لپیٹ میں لیا اور بعد ازاں پورے شہر میں پھیل گیا۔ شمالی کراچی، شمالی ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، نوری آباد اور ایم نائن (M-9) کٹھور کے قریبی علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پی ای سی ایچ ایس، طارق روڈ، بہادر آباد، نرسری، چنیسر گوٹھ، صدر، ایم اے جناح روڈ اور ڈیفنس (DHA) میں ہلکی بارش ہوئی۔
بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کا بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور بلیک آؤٹ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کے-الیکٹرک کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کی وجہ سے گلشنِ معمار اور منگھوپیر سمیت شہر کے وسیع علاقے فوری طور پر بجلی سے محروم ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے تحت شہر میں تیز گرد آلود ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، وہاں سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور بجلی کی طویل معطلی نے شہریوں کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے عملہ کام کر رہا ہے۔
