ویلنگٹن: نیوزی لینڈ سال 2027 میں فرنچائز پر مبنی ٹی ٹوئنٹی لیگ کی مارکیٹ میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت “این زیڈ 20” کے نام سے ایک نئی لیگ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ESPNcricinfo کے مطابق مجوزہ لیگ میں چھ نجی ملکیتی ٹیمیں شامل ہوں گی اور یہ نیوزی لینڈ کرکٹ (NZC) سے آزادانہ طور پر کام کرے گی، جس کا ماڈل کیریبین پریمیر لیگ (CPL) سے ملتا جلتا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق لیگ کو تاحال NZC کی باقاعدہ منظوری نہیں ملی، تاہم منظوری کی صورت میں NZ20 وہ مقابلہ بن جائے گا جو گزشتہ دو دہائیوں سے جاری مقامی ٹورنامنٹ “سپر اسماش” کی جگہ لے لے گا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل موجودہ سپر اسماش — جس میں آکلینڈ، نادرن ڈسٹرکٹس، ویلنگٹن، سینٹرل ڈسٹرکٹس، کینٹربری اور اوٹاگو شامل ہیں — اب زیادہ تر ایک ڈویلپمنٹ پلیٹ فارم کے طور پر استعمال ہونے لگا ہے، جبکہ نئی NZ20 لیگ کو زیادہ تجارتی، شائقین دوست اور عالمی معیار کے فارمیٹ کے طور پر پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔
NZ20 اسٹیبلشمنٹ کمیٹی کے سربراہ ڈان میکنن نے ESPNcricinfo کو بتایا کہ اس لیگ کا تصور سابق نیوزی لینڈ کرکٹرز، خصوصاً اسٹیفن فلیمنگ، کے ساتھ مشاورت اور نیو زی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے ساتھ گفتگو کے نتیجے میں سامنے آیا۔
