پاکستان انڈر 19 ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش انڈر 19 کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم 26.3 اوورز میں 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستانی بولرز نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن اور لینتھ برقرار رکھی اور حریف ٹیم کو بڑے اسکور سے روکے رکھا۔
جواب میں پاکستان انڈر 19 نے ہدف با آسانی حاصل کر لیا۔ سمیع منہاس نے شاندار ناقابلِ شکست 69 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 27 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پاکستان نے 16.3 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر میچ اپنے نام کر لیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان انڈر 19 نے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف مقابلہ طے کر لیا، جو اتوار کو کھیلا جائے گا۔ کرکٹ شائقین کو ایک سنسنی خیز فائنل کی توقع ہے۔
