اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے داخلوں کے قواعد کی خلاف ورزی، میرٹ لسٹوں کے اجرا میں تاخیر اور انتظامی معاملات میں غفلت برتنے والے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے بھاری جرمانے متعارف کرا دیے ہیں۔
کونسل کی میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایڈمیشن پالیسی 2026 کے تحت میرٹ لسٹ جاری کرنے میں تاخیر کرنے والے کالجز پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ مزید تاخیر کی صورت میں ہر اضافی دن کے لیے 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
مقررہ نشستوں سے زیادہ طلبہ کو داخلہ دینے والے اداروں پر ہر اضافی طالب علم کی ایک سال کی ٹیوشن فیس کے برابر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ایسے اداروں کی آئندہ داخلہ سیشن میں نشستیں بھی کم کی جا سکتی ہیں۔
پالیسی کے مطابق طلبہ کی رجسٹریشن میں تاخیر پر فی طالب علم 50 ہزار روپے، گریجویشن کی اطلاع دینے میں تاخیر پر 75 ہزار روپے اور سالانہ امتحانات کے نتائج جمع کرانے میں تاخیر پر 30 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
طلبہ کی منتقلی یا ادارہ چھوڑنے کی بروقت اطلاع نہ دینے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، جبکہ طلبہ کی فیس اور دیگر چارجز سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز، جامعات اور طلبہ کے لیے آن لائن رپورٹنگ لازمی قرار دے دی ہے۔ تمام ضروری دستاویزات کونسل کے مقررہ آن لائن پورٹل کے ذریعے مطلوبہ فارمیٹ میں جمع کرانا ہوں گی۔
پالیسی کے تحت مکمل میڈیکل لائسنس حاصل کرنے کے لیے کم از کم ایک سال کی ہاؤس جاب بھی لازمی ہوگی۔ تدریسی اسپتالوں کو ہاؤس جاب مکمل ہونے کے 10 دن کے اندر متعلقہ سرٹیفکیٹ کونسل کو جمع کرانا ہوگا۔
جرمانہ عائد کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے کو نوٹس جاری کیا جائے گا اور اسے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے مزید داخلوں پر پابندی یا ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
ان اقدامات کا مقصد داخلوں کے نظام میں شفافیت بڑھانا، قواعد پر عمل درآمد یقینی بنانا اور پاکستان میں میڈیکل و ڈینٹل تعلیم کے اداروں کی جواب دہی کو مضبوط بنانا ہے۔
