معروف میزبان اور اداکارہ شائستہ لوحدی نے محرم الحرام کے تقدس کی پامالی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے، اور سوشل میڈیا پر غیر سنجیدہ اور جشن سے بھرپور مواد کی اشاعت پر تنقید کی ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں شائستہ نے کہا کہ محرم کا مہینہ عقیدت، غم اور یاد کے لیے مخصوص ہے، اور اسے تفریح یا تماشے کی صورت میں منانا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ثقافت اور دین کا احترام اسی وقت ممکن ہے جب ہم ان مقدس لمحات کی اصل روح کو سمجھیں۔
شائستہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ افراد محرم کے دوران ڈانس ویڈیوز اور پارٹی کلپس شیئر کر رہے ہیں، جو اسلامی اقدار کے خلاف اور انتہائی غیر حساس رویہ ہے۔
ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد نے سراہا، اور اس بات سے اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مذہبی مواقع پر ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔
