کراچی — محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے یکم اگست سے صوبے بھر کے سرکاری کالجوں کے لیے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق مارننگ شفٹ کے کالجز ہفتے میں پیر سے جمعرات اور ہفتے کے روز صبح 8:30 سے دوپہر 1:30 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز کلاسز صبح 8:30 سے صبح 11:30 بجے تک ہوں گی۔ دوسری جانب ایوننگ شفٹ کے کالجوں میں کلاسز دوپہر 3:00 بجے سے شام 7:00 بجے تک (پیر سے جمعرات اور ہفتہ) جاری رہیں گی، جبکہ جمعہ کے روز اوقات دوپہر 2:30 سے شام 5:00 بجے تک ہوں گے۔ تمام پرنسپلز کو ان اوقات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، محکمہ کالج ایجوکیشن نے کراچی کے تمام کالجوں کے احاطے میں سگریٹ، ویپس، نکوٹین پاؤچز، پان اور گٹکا سمیت تمام تماکو مصنوعات اور منشیات کے استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیمپس کو مکمل طور پر تماکو اور منشیات سے پاک رکھیں۔ اس سلسلے میں ضلعی ڈپٹی کمشنرز کو بھی خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ وہ کالجوں کے اطراف میں تماکو اور منشیات کی فروخت کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔
