کراچی: وزیراعظم یوتھ کروم بک اسکیم میں سندھ کے طلبہ کو شامل کیا گیا ہے، تاہم صوبے میں رجسٹریشن کا عمل جماعت نہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کے اعلان تک مؤخر ہے۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب آن لائن درخواست فارم میں سندھ کا آپشن دستیاب نہ ہونے پر طلبہ میں تشویش پیدا ہوئی۔
اسکیم کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے جماعت نہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری ہونے کے بعد طلبہ کی رجسٹریشن شروع کی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے ملک بھر کے ہونہار طلبہ میں دو سال کے دوران 5 لاکھ کروم بکس تقسیم کرنے کے لیے اس اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم، آن لائن تعلیمی مواد اور الیکٹرانک لائبریریوں تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ کروم بکس کی تقسیم میں میرٹ اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو ترجیح دی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت طلبہ کو بیگز اور انٹرنیٹ کی سہولت کے لیے مائی فائی ڈیوائسز بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلان کردہ اہلیت کے معیار کے مطابق سندھ کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم جماعت نہم کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے نتائج کی بنیاد پر انتخاب کیا جائے گا۔
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن کے باضابطہ اعلان کا انتظار کریں اور اپنی تعلیمی دستاویزات تیار رکھیں۔ اس اسکیم کا مقصد ملک بھر کے طلبہ کو جدید تعلیمی ٹیکنالوجی تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔
