حکومتِ سندھ نے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے 50 نئی ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک (ای وی) بسیں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو محفوظ، آرام دہ، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں، مستقبل کی حکمتِ عملی، بس ڈپو، پارکنگ اور دیگر بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی بسوں کی شمولیت سے عوامی ٹرانسپورٹ کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور نجی گاڑیوں پر انحصار کم ہونے سے ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔
شرجیل انعام میمن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ نئی بسوں کے لیے جدید ڈپو اور پارکنگ کی سہولیات قائم کی جا سکیں۔
حکومتی منصوبے کے مطابق 450 الیکٹرک بسیں کراچی کی 25 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی، جبکہ 50 الیکٹرک بسیں حیدرآباد کی پانچ روٹس پر خدمات انجام دیں گی۔ بعد ازاں اس منصوبے کو سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
الیکٹرک بسوں کے ذریعے ایندھن کے اخراجات اور فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، جبکہ ڈبل ڈیکر بسیں زیادہ مسافروں کو ایک ساتھ سفر کی سہولت فراہم کریں گی، جس سے رش کے اوقات میں عوام کو بڑی سہولت ملے گی۔
حکومتِ سندھ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی، محفوظ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنا اور صوبے میں جدید سفری نظام کو فروغ دینا ہے۔
