نومبر 12، 2025
ویب ڈیسک
تائیوان میں طوفان "فنگ وونگ” کے باعث بدھ کے روز شدید بارشوں اور سیلاب نے زندگی مفلوج کر دی، جس کے بعد حکام نے آٹھ ہزار سے زائد افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی ساحلی علاقے یی لان میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی، جہاں ایک دن میں 648 ملی میٹر (25 انچ) بارش ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے مہینے کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
سواؤ کے بندرگاہی قصبے میں ایک ہزار سے زائد مکانات پانی میں ڈوب گئے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی سطح گردن تک پہنچ گئی۔ فوجی اہلکار اور امدادی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرہ لوگوں کو نکالنے میں مصروف رہیں۔
ایک مقامی ماہی گیر ہنگ چُن یی نے بتایا، "پانی اتنی تیزی سے آیا کہ سمجھ ہی نہیں آئی کیا کریں۔ نکاسیٔ آب کا نظام بالکل جواب دے گیا۔”
