پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر اور پشاور میں گھریلو تنازعات کے دوران فائرنگ کے دو الگ واقعات میں ایک خاتون اور ایک نوجوان قتل جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس نے دونوں واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ضلع خیبر کے علاقے میرگھٹ خیل میں زبانی تکرار کے دوران عطااللہ ولد آزاد خان نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ فائرنگ سے اس کا والد آزاد خان بھی زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ میلوارڈ کے ایس ایچ او مغریب خان نے کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب پشاور کے علاقے یکہ توت میں گھریلو تنازعے پر ایک نوجوان کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یاسر ولد یاین، ساکن مہند آباد، نے زبانی تکرار کے دوران اپنے بھائی عمیر پر فائرنگ کی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ملزم نے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا کہ اس کا بھائی آئس کے نشے کا عادی تھا اور گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا کرتا تھا۔ تاہم اس بیان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔
پولیس نے ملزم یاسر کو گرفتار کرکے مبینہ آلۂ قتل پستول بھی برآمد کرلیا۔ حکام کے مطابق مقتول کی والدہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں قانونی کارروائی جاری ہے اور تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
