کراچی کے ضلع ملیر میں تھانہ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو ride کے بہانے لوٹنے والے ڈکیت کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے یہ کارروائی خفیہ اطلاع اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کی، جس کے دوران ملزم کو تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یوسف ولد ولن، رائیڈر کا روپ دھار کر شہریوں کو سستی سواری کا جھانسہ دیتا تھا اور انہیں ویران مقام پر لے جا کر اسلحے کے زور پر نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہوجاتا تھا۔
گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹیل ٹاؤن سمیت مختلف تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزم اور اس کے ساتھیوں نے حال ہی میں ایک بزرگ خاتون کو بھی اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بینک سے پینشن کی رقم نکال کر گھر جا رہی تھیں۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے چھینی گئی رقم، ایک 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز، دو موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والی ہونڈا موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ برآمد شدہ موٹر سائیکل کا ریکارڈ اے وی ایل سی حکام سے چیک کیا جا رہا ہے۔
گرفتار ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جس میں اسے واردات سے قبل ریکی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے دو ساتھی تاحال فرار ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
