عالمی میوزک پلیٹ فارم اسپاٹی فائی (Spotify) نے ابھرتے ہوئے پاکستانی گلوکار سمر جعفری کو سال 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے ریڈار پاکستان (RADAR Pakistan) آرٹسٹ کے طور پر منتخب کیا ہے، جس کے تحت ان کے تخلیقی سفر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی منی ڈاکیومنٹری بھی جاری کی گئی ہے۔
اسپاٹی فائی کا "ریڈار” پروگرام دنیا بھر کے نئے اور باصلاحیت فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے بنایا گیا ہے، جو ان کے فن، تخلیقی سفر، محرکات اور کامیابیوں کو دنیا کے سامنے لاتا ہے۔
اس موقع پر سمر جعفری نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،
“ایک انڈیپینڈنٹ آرٹسٹ کے طور پر یہ لمحہ میرے لیے ایک خواب کی تعبیر ہے۔ اپنی موسیقی کو دنیا کے سامنے لانے میں وقت، ہمت اور یقین لگا۔”
اسپاٹی فائی کے مطابق سمر جعفری کے مداح نہ صرف پاکستان بلکہ بنگلہ دیش، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات میں بھی موجود ہیں، جن میں سے نصف سے زائد سامعین 18 سے 24 سال کی عمر کے نوجوان ہیں۔ ان کے گیتوں کے دل چھو لینے والے بول اور روح پر اثر انداز دُھنیں نوجوان نسل میں خاص طور پر مقبول ہیں۔
سمر جعفری نے اعتراف کیا کہ ان کی موسیقی کا اتنے بڑے پیمانے پر سنا جانا ’’ایک خوشگوار حیرت‘‘ ہے۔
انہوں نے مزید کہا،
“میں ہمیشہ یقین رکھتا ہوں کہ خدا صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، اور آج کا دن اسی یقین کی یاد دلاتا ہے۔”
اسپاٹی فائی کی آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر، رُطابہ یعقوب نے سمر کو سراہتے ہوئے کہا کہ،
“وہ ایک غیر معمولی ٹیلنٹ کے مالک ہیں اور ریڈار پاکستان 2025 کے اختتامی سیزن کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔”
سمر جعفری کے گانے "میں رہوں” اور "گزاریسیں” اب تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 33 لاکھ سے زائد بار سنے جا چکے ہیں، جن میں "میں رہوں” اکیلا 1 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ مرتبہ پلے کیا گیا ہے۔
یہ اعزاز سمر جعفری کے لیے ایک اور اہم سنگِ میل ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جذبہ، صبر اور محنت انسان کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔
