امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے 2 کروڑ ڈالر تک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے مطابق یہ اعلان امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’’ریوارڈز فار جسٹس‘‘ کے تحت کیا گیا ہے۔ امریکہ ایران کی جوہری تنصیبات، آلات، سائنس دانوں اور اس پروگرام سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے۔ معلومات فراہم کرنے والے افراد کو انعام کے ساتھ ممکنہ طور پر کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی دی جا سکتی ہے۔
امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ ایران یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کر رہا ہے، جبکہ جوہری ہتھیاروں کے لیے عموماً 90 فیصد افزودگی کی سطح درکار ہوتی ہے۔ امریکہ نے ایران پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ مکمل تعاون نہ کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔
تاہم امریکی حکومت نے واضح نہیں کیا کہ کون سی مخصوص معلومات فراہم کرنے پر مکمل 2 کروڑ ڈالر انعام دیا جائے گا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
