ایچ بی او نے تصدیق کی ہے کہ وہ گیم آف تھرونز کے متنازع سیزن 8 کی کہانی کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا پروجیکٹ تیار کر رہا ہے، جس کا مقصد فائنل سیزن پر برسوں سے جاری تنقید کو کم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ سیزن 8 کا ری میک نہیں ہوگا بلکہ ایک ایسا اضافی سلسلہ ہوگا جو ’’جلدی نمٹائے گئے کرداروں‘‘، نامکمل کہانیوں اور غیر واضح پلاٹ پوائنٹس کو تفصیل کے ساتھ پیش کرے گا۔ 2019 کے فائنل کے بعد شائقین نے غیر متوقع کردار سازی اور تیز رفتار اختتام پر شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ پروجیکٹ ایک محدود سیریز یا چند خصوصی اقساط کی شکل اختیار کر سکتا ہے، تاہم ایچ بی او نے ابھی حتمی فارمیٹ کا اعلان نہیں کیا۔ ہاؤس آف دی ڈریگن سمیت ’تھورونز یونیورس‘ کے مصنفین اور تخلیقی ٹیموں سے مشاورت جاری ہے تاکہ کہانی کا تسلسل برقرار رہے۔
اگرچہ یہ واضح نہیں کہ اصل کاسٹ اس منصوبے کا حصہ بنے گی یا نہیں، ایچ بی او کا کہنا ہے کہ مقصد سیزن 8 کو ’’مٹانا‘‘ نہیں بلکہ اسے مزید مؤثر اور مکمل بنانا ہے۔
اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث دوبارہ گرم ہوگئی ہے۔ مداحوں نے اس فیصلے کا محتاط خیرمقدم کیا ہے، تاہم کچھ کا کہنا ہے کہ چاہے جتنی بھی وضاحتیں شامل کی جائیں، فائنل کی شہرت کو مکمل طور پر بحال کرنا مشکل ہوگا۔
مزید تفصیلات 2026 میں جاری کی جائیں گی جب پروجیکٹ باقاعدہ ڈویلپمنٹ میں داخل ہوگا۔
