جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے قومی امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ایک چھوٹے خفیہ کیمرے اور اسمارٹ فون کی مدد سے نقل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
امیدوار نے اعتراف کیا کہ اس نے خفیہ کیمرے کے ذریعے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں، انہیں اے آئی سسٹم پر بھیجا اور اسمارٹ فون کے ذریعے جوابات حاصل کیے۔
امیدوار نے امتحان کے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے اور 160 میں سے 159 سوالات کے درست جواب دیے تھے۔ دوسرے مرحلے میں بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
غیر معمولی نمبروں کے باعث اس کی کامیابی پر شکوک و شبہات پیدا ہوئے، جس کے بعد امیدوار نے اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو کے ذریعے نقل کرنے کا اعتراف کیا۔ اس نے سیول میٹروپولیٹن پولیس کو تحریری اعترافی بیان بھی جمع کرا دیا ہے۔
امیدوار نے دیگر طلبہ اور امتحانی حکام سے معذرت کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ اس نے ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان کے دونوں مراحل میں نقل کی تھی۔ اس نے چارٹرڈ پبلک اکاؤنٹنٹ کے امتحان کے پہلے مرحلے میں بھی اسی طریقے سے نقل کرنے کا اعتراف کیا۔
اپنی حرکت کی وجہ بتاتے ہوئے اس نے کہا کہ مالی مشکلات اور مستقبل کے حوالے سے بے یقینی نے اسے اس غلط قدم کی طرف دھکیلا۔ وہ اپنے والدین کو بھی کامیابی کے ذریعے خوش کرنا چاہتا تھا۔
جنوبی کوریا کی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام امیدوار کا امتحانی نتیجہ اور کامیابی کا سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے قانون کے مطابق نقل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر امیدوار کو پانچ سال تک امتحان دینے سے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔
