پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اہم سیاسی امور اور ملکی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت کے خلاف حکومتی اقدامات اور مبینہ سیاسی انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے کیونکہ جمہوری اور پارلیمانی نظام میں اپوزیشن کا انتہائی اہم کردار ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو جمہوریت اور پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کا سبب بنیں۔
یہ ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب جمعیت علمائے اسلام (ف) اور وفاقی حکومت کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جے یو آئی (ف) نے خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں اپنی جماعت اور قیادت کے خلاف مبینہ پروپیگنڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے ہیں۔
