کراچی، 6 دسمبر 2025:
داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 13ویں جلسۂ تقسیمِ اسناد میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کو جامعہ کی پہلی اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری عطا کی۔ تقریب میں یونیورسٹی کے پہلے تین پی ایچ ڈی اسکالرز سمیت 434 گریجویٹس اور 13 ایم ایس طلبہ و طالبات کو بھی ڈگریاں دی گئیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ تھے جبکہ سینئر وزیر ناصر حسین شاہ اور صوبائی وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو اعزازی مہمان تھے۔ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ایچ ای سی سندھ کے چیئرمین اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس سال 6 فیکلٹیز میں سے 5 کی ٹاپ پوزیشنز طالبات کے نام رہیں، جبکہ مجموعی طور پر 7 گولڈ، 13 سلور اور 26 کانسی کے تمغے تقسیم کیے گئے۔ کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ کی طالبہ اسماء اسلم نے یونیورسٹی میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے اپنے خطاب میں بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت یونیورسٹی کی ایچ ای سی، کیو ایس اور ٹائمز رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے جامعہ کی ترقی کا کریڈٹ سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ کی خصوصی توجہ کو دیا۔
