کراچی: ایک تحقیقاتی رپورٹ میں ویلیکا اسپتال سے منسلک ایچ آئی وی کے متعدد کیسز کی بنیادی وجہ سرنجوں کا دوبارہ استعمال قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد طبی حفاظتی اقدامات اور علاج کے معیار پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ استعمال شدہ سرنجوں کو دوبارہ استعمال کرنے سمیت غیر محفوظ طبی طریقہ کار وائرس کی منتقلی کا سبب بنے۔ صحت کے حکام واقعے کے تمام پہلوؤں کا مزید جائزہ لے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق متعدد مریضوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے طبی ریکارڈ، اسپتال کے طریقہ کار اور عملے سے حاصل ہونے والی معلومات کا جائزہ لے کر ممکنہ وجوہات کا تعین کیا۔
طبی ماہرین نے زور دیا ہے کہ استعمال کے بعد ہر سرنج کو محفوظ طریقے سے تلف کیا جانا چاہیے اور اسے کسی دوسرے مریض کے لیے ہرگز دوبارہ استعمال نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے خون کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ اگر تحقیقات میں غفلت یا طبی ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی طبی اداروں میں انفیکشن سے بچاؤ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مکمل رپورٹ آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
