پشاور، 14 اکتوبر 2026: زو پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) سسٹم میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے زو کارڈ کی نادرا کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق اور رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
ٹرانس پشاور کے مطابق، مسافروں کو یہ عمل 31 دسمبر 2026 تک مکمل کرنا ہوگا۔ یکم جنوری 2027 سے غیر رجسٹرڈ کارڈز بلاک کر دیے جائیں گے اور انہیں سفر کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
مسافر تمام بی آر ٹی اسٹیشنوں کے ٹکٹ کاؤنٹرز پر اپنے اصل قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور زو کارڈ کے ساتھ جا کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ کاؤنٹرز اسٹیشن کے اوقاتِ کار کے دوران دستیاب ہوں گے۔
18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ب فارم یا والدین یا سرپرست کے شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن کی سہولت بھی موجود ہے، جس کے لیے متعلقہ دستاویزات اور بائیومیٹرک تصدیق درکار ہوگی۔
غیر ملکی مسافر زو ایپ یا سنگل جرنی ٹکٹ کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔ زو کارڈ کی رجسٹریشن فیس 10 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ٹرانس پشاور کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید مرتضیٰ اصغر بخاری کے مطابق، اس اقدام کا مقصد مسافروں کی شناخت کی تصدیق، نظام کی سکیورٹی بہتر بنانا اور سفر کو زیادہ محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ آخری تاریخ سے پہلے رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ سفر میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
