امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آنے والے ہولناک طیارہ حادثے کی تحقیقات کے دوران حکام نے انکشاف کیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا نجی طیارہ زمین سے ٹکرانے سے پہلے ہی فضا میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس افسوسناک حادثے میں طیارے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں ایک ٹیکنالوجی کاروباری شخصیت، ان کی اہلیہ اور دو کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق Learjet 60 نامی نجی طیارہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن سے بہاماس کی جانب جا رہا تھا کہ اتوار کے روز فلوریڈا کے علاقے پام بیچ میں اچانک تیزی سے نیچے کی جانب آنے لگا اور ایک مصروف شاہراہ پر گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی زوردار دھماکے کے ساتھ آگ کے شعلوں میں گھر گیا۔
امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارے کے کچھ حصے زمین سے ٹکرانے سے پہلے ہی الگ ہو گئے تھے۔ حکام کے مطابق ممکن ہے کہ حادثے کے مقام سے کچھ فاصلے پر بھی طیارے کے ملبے کے ٹکڑے ملیں۔
