لاہور: لاہور کے علاقہ گلشن راوی میں ایک تشویش ناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مقامی ڈاکٹر کو مبینہ طور پر زیادتی کی نیت سے بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ علاقے کے ہوشیار مکینوں کی بروقت مداخلت سے یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ملزم ڈاکٹر جنید، جسے نشے میں دھت بتایا جاتا ہے، اپنے کلینک میں موجود تھا۔ قریبی اسکول کی چھٹی کے بعد جب بچہ گھر جا رہا تھا، تو ڈاکٹر نے اسے زبردستی گھسیٹ کر کلینک کے اندر لے جانے کی کوشش کی۔ اہل محلہ نے فوری طور پر اکٹھے ہو کر بچے کو ڈاکٹر کی گرفت سے بحفاظت آزاد کرایا اور ملزم کو پکڑ لیا۔
علاقہ مکینوں کا مؤقف ہے کہ ڈاکٹر جنید اس سے قبل بھی نشے کی حالت میں مریضوں کا معائنہ کرتا رہا ہے، اور حالیہ واقعہ کمسن بچے کو زیادتی کے ارادے سے اغوا کرنے کی واضح کوشش تھی۔
گلشن راوی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکٹر کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے کلینک سے شراب بھی قبضے میں لے کر شواہد کے طور پر شاملِ تفتیش کر لی ہے۔
