مصنوعی ذہانت (AI) کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث دنیا بھر میں ڈیٹا سینٹرز کو بجلی کی شدید ضرورت کا سامنا ہے۔ بجلی کی پیداوار کے لیے نئی گیس ٹربائنز کی فراہمی میں کئی سال کی تاخیر کے باعث کمپنیاں اب استعمال شدہ اور پرانی ٹربائنز خریدنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق امریکا میں نئی گیس ٹربائن کی فراہمی کے لیے اوسطاً چھ سال انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ بعض کمپنیوں کو 2030 اور 2031 تک کی تاریخیں دی جا رہی ہیں۔ اس صورتحال نے پرانی اور دوبارہ مرمت شدہ ٹربائنز کی مارکیٹ میں بھی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔
توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا بھر میں گیس ٹربائنز کے آرڈرز 100 گیگاواٹ سے تجاوز کر چکے ہیں، جبکہ عالمی پیداواری صلاحیت تقریباً 60 سے 70 گیگاواٹ سالانہ ہے۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے بعض کمپنیاں ریٹائرڈ طیاروں کے جیٹ انجنوں کو دوبارہ تیار کرکے بجلی پیدا کرنے والے جنریٹرز میں تبدیل کر رہی ہیں۔ امریکی کمپنی Crusoe نے 13 ایسی ٹربائنز کا آرڈر دیا ہے، جن کی مجموعی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 650 میگاواٹ ہے۔ دوسری جانب بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کے لیے متبادل ذرائع بھی تلاش کر رہی ہیں۔
تاہم پرانے طیاروں کے انجن اور استعمال شدہ ٹربائنز مکمل حل ثابت نہیں ہو سکتے، کیونکہ ان کی مرمت، کارکردگی، عمر اور مسلسل استعمال سے متعلق مسائل موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق جیٹ انجنوں کو بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے سے روایتی گیس ٹربائنز کے مقابلے میں زیادہ آلودگی بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے باوجود مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ نے توانائی کے شعبے میں ایک نئی مارکیٹ پیدا کر دی ہے، جہاں کمپنیاں نئی مشینری کا انتظار کرنے کے بجائے پرانے انجنوں کو دوبارہ استعمال میں لا رہی ہیں۔
