اکتوبر 31، 2025
ویب ڈیسک
ماہرینِ فلکیات کے مطابق اس سال کا سب سے بڑا اور روشن مکمل چاند 5 نومبر 2025 کو آسمان پر نمودار ہوگا۔ اسے "بیور سپر مون” کہا جاتا ہے، جو زمین کے سب سے قریب آنے والا مکمل چاند بھی ہوگا۔ اس موقع پر چاند زمین سے تقریباً 356,980 کلومیٹر (221,818 میل) کے فاصلے پر ہوگا — یعنی عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
یہ منظر شام کے وقت مشرقی افق پر طلوع ہوتے ہوئے سب سے زیادہ دلکش نظر آئے گا، خاص طور پر 5 اور 6 نومبر کی درمیانی راتوں میں۔ اس نظارے کے لیے کسی خصوصی دوربین یا آلات کی ضرورت نہیں، صرف صاف موسم اور کھلے آسمان کا منظر کافی ہے۔
"بیور مون” کا نام شمالی امریکا کی قدیم روایت سے لیا گیا ہے، جب بیورز (نیم آبی جانور) سردیوں کے لیے اپنے آشیانے تعمیر کرتے ہیں۔ کچھ قبائل اسے "فریزنگ مون” یا "فراسٹ مون” کے نام سے بھی یاد کرتے ہیں۔
