دنیا بھر میں آج 21 نومبر کو ورلڈ ٹیلی ویژن ڈے منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ٹی وی اب بھی سب سے زیادہ قابلِ رسائی اور مؤثر میڈیا پلیٹ فارم ہے جو معلومات، تفریح، عالمی شعور اور عوامی آگاہی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
1996 میں اقوام متحدہ نے ٹیلی ویژن کے عالمی اثرات اور امن و ترقی میں اس کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے 21 نومبر کو عالمی یومِ ٹیلی ویژن قرار دیا تھا۔ اسی تاریخی عالمی فورم کی یاد میں ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے۔
ٹیلی ویژن نے گزشتہ کئی دہائیوں میں دنیا کے مختلف خطّوں میں جاری جنگوں، بحرانوں، انسانی کہانیوں، موسم، سیاست اور سماجی مسائل کو لمحوں میں ناظرین تک پہنچایا۔ جدید ٹیکنالوجی کے باوجود ٹی وی کا اثر و رسوخ آج بھی برقرار ہے اور اسمارٹ اسکرینز، موبائل ایپس اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نے اس کی رسائی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پاکستان میں ٹی وی نے نہ صرف خبری منظرنامے کو بدل دیا بلکہ قدرتی آفات، سیاسی صورتحال، سماجی مسائل اور قومی ایونٹس میں بھی عوام کو بروقت رہنمائی فراہم کی۔ زلزلوں اور سیلابوں کے دوران نشریات نے ہزاروں لوگوں تک مدد اور معلومات پہنچا کر اہم کردار ادا کیا۔
ٹیلی ویژن نے تفریح کے میدان میں بھی اپنی پہچان برقرار رکھی۔ ڈرامے، فلمیں، رمضان ٹرانسمیشنز، خصوصی شو اور کھیلوں کی نشریات نے ہر عمر کے ناظرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع رکھا اور معاشرتی بحث و مباحثے کو بھی نئی جہت دی۔
ماہرین کے مطابق ٹی وی صرف ایک اسکرین نہیں رہا بلکہ “عالمی کھڑکی” بن چکا ہے، جس کے ذریعے دنیا لمحوں میں ہر گھر تک پہنچتی ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ٹیلی ویژن مثبت مکالمے، امن، تعلیم اور عالمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے کے لیے آج بھی ایک اہم ترین ذریعہ ہے۔
