کراچی: شہرِ قائد کے علاقے گلبرگ رحمان آباد بلاک 5 میں گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن کی شناخت 35 سالہ خدا بخش ولد اللہ بخش اور 30 سالہ یاسمین زوجہ خدا بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مکان نمبر B-182 محمدی مسجد کے قریب واقع گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش کمرے میں خون میں لت پت حالت میں ملی، جبکہ مرد کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فارنزک ماہرین موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے، جس کے بعد لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کے پانچ بچے ہیں اور ان کا تعلق پنجاب کے ضلع بھکر سے ہے۔ متوفی مزدوری کرتا تھا اور تقریباً پانچ سال قبل خاندان سمیت کراچی منتقل ہوا تھا۔
خدا بخش کے بہنوئی محمد حنیف کے مطابق میاں بیوی کے درمیان معمولی نوک جھونک رہتی تھی مگر کسی سنگین تنازع کی اطلاع نہیں تھی۔ پیر کی رات تقریباً 12 بجے خدا بخش کے بڑے بیٹے راشد نے آکر اطلاع دی کہ والدین جاں بحق ہو گئے ہیں۔
بیٹے کے مطابق، وہ اور اس کا بھائی کام پر گئے ہوئے تھے جبکہ دو چھوٹے بھائی اور بہن گھر کے صحن میں سو رہے تھے۔ واپسی پر جب کمرہ بند پایا تو کھڑکی سے جھانک کر دیکھا کہ والد پنکھے سے لٹکے ہوئے ہیں اور والدہ خون میں لت پت فرش پر پڑی ہیں۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں اور پنجاب لے جانے کے لیے راہداری (این او سی) جاری کردی۔ جاں بحق میاں بیوی کی تدفین آبائی علاقے بھکر میں کی جائے گی۔
