کراچی — وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے آگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر صحت نے ریسکیو اداروں پر زور دیا کہ متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، جبکہ آگ پر جلد قابو پانا اور مزید جانی نقصان سے بچاؤ کو اولین ترجیح بنایا جائے۔ انہوں نے صوبائی اور شہری حکومتوں سے فائر بریگیڈ اور ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کی بھی اپیل کی۔
