متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای کے صدر کے ساتھ وزرا اور سینیئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر یو اے ای کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، اور اس سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس بھی آج بند ہیں۔ سیکیورٹی کے پیش نظر ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
امارات پاکستان کا قریبی معاشی شراکت دار ہے اور تجارت کے اعتبار سے چین اور امریکا کے بعد تیسرا بڑا تجارتی اتحادی ہے۔ دونوں ممالک نے حالیہ عرصے میں اربوں ڈالر کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں ریلوے، اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر کے منصوبے شامل ہیں۔
