شہرِ قائد میں تیز رفتار ڈمپر نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔ واقعہ پیر کی شب گارڈن تھانے کی حدود میں نشتر روڈ رامسوامی کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے ساتھ موجود خاتون زخمی ہوگئی۔
حادثے کے بعد علاقے کے مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال پر قابو پالیا۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش اور زخمی خاتون کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں متوفی کی شناخت 25 سالہ شاہ زیب ولد شاہد کے نام سے ہوئی۔ زخمی خاتون کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر کے ڈرائیور نیاز کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
