نومبر 7، 2025
ویب ڈیسک
اسلام آباد: پاکستان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہندو یاتریوں کو مذہبی بنیادوں پر ملک میں داخلے سے روکا گیا۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ان الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاملہ صرف انتظامی نوعیت کا تھا۔
ترجمان کے مطابق بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کے لیے دو ہزار چار سو سے زائد ویزے سکھ یاتریوں کو جاری کیے گئے ہیں، جبکہ چند ایسے مسافروں کو ہی واپس بھیجا گیا جن کے سفری کاغذات نامکمل تھے۔
اندرابی نے واضح کیا کہ پاکستان تمام مذاہب کے زائرین کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی حکام اور میڈیا اس معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
