پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل اور اگست کی ملک گیر ہڑتال کے دوران کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان اور ملک شہزاد اعوان نے مشترکہ ویڈیو بیان میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ احتجاج کے باعث پنجاب بھر میں روکی گئی تمام لوڈ گاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے گا، جبکہ روکی گئی گاڑیوں کے مالکان کو ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے یقین دہانی کرائی کہ اگست کی ملک گیر ہڑتال کے دوران پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والے تمام معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی پر اعتماد کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے اگست کی ہڑتال کے دوران دی گئی 40 روزہ مہلت میں مزید وقت دیتے ہوئے پنجاب حکومت کو 15 اکتوبر تک کی مہلت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگست کے معاہدے کے تحت دس ویلر گاڑیوں کو 35 ٹن وزن کی اجازت دینے کے فیصلے پر پنجاب بھر میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ٹرانسپورٹرز کو اس معاملے میں بلاجواز رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ڈائریکٹ HTV ڈرائیونگ لائسنس کے وعدے پر بھی جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آر ٹی سیکریٹری، پی ٹی سیکریٹری، فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور پٹرولنگ پولیس کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو بلاجواز ہراساں نہ کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
ٹرانسپورٹر رہنما بختاور نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 15 اکتوبر تک اگست کی ہڑتال کے دوران کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عملدرآمد ہوجائے گا۔
ملک شہزاد اعوان نے ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر مثبت پیش رفت کے لیے وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
مذاکرات میں نثار حسین جعفری، بختاور خان اور پیر مشتاق سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
