بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کے بارے میں نامناسب تبصرہ کرنے کے باعث مشکل میں پڑ گئے ہیں۔
باؤلنگ کے دوران ایل بی ڈبلیو اپیل اور ریویو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بمراہ نے ٹیمبا باووما کو "بونا” کہہ دیا، جس پر تنقید شروع ہوگئی۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ وِسڈن کے مطابق بمراہ کا یہ تبصرہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آسکتا ہے۔
یہ معاملہ آرٹیکل 2.13 سے متعلق ہے جس میں کسی کھلاڑی، آفیشل یا ریفری کے خلاف ذاتی، توہین آمیز یا غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر پابندی ہے۔
اگر وہ قصوروار ٹھہرے تو انہیں سخت کارروائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ لیول 2 کی خلاف ورزی کی صورت میں میچ فیس کا 50 سے 100 فیصد جرمانہ اور دو میچز کی معطلی بھی ہوسکتی ہے۔
تاہم، حتمی فیصلہ میچ ریفری کی تشریح پر منحصر ہے۔ اگر آفیشلز اس نتیجے پر پہنچیں کہ بمراہ کی بات باووما کی اونچائی نہیں بلکہ گیند کی ہائٹ کے تناظر میں تھی تو انہیں ممکنہ طور پر رعایت بھی مل سکتی ہے۔
