اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ میں ملوث ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم ایم پی ایز اور سیاسی شخصیات کو فون کر کے خود کو اقوام متحدہ کے دورے کے حوالے سے رابطہ کار ظاہر کرتا تھا، اور یہ دعویٰ کرتا تھا کہ وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نمائندہ مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی بہانے کے تحت وہ متاثرہ افراد کو بتاتا تھا کہ وفد کے ساتھ ایک کارگو آ رہا ہے جس کے ٹیکس کی فوری ادائیگی ضروری ہے، جس کے نام پر لوگوں سے رقم بٹوری جاتی تھی۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مدعی سے بھی یہی طریقہ اختیار کرتے ہوئے 4 لاکھ 68 ہزار 500 روپے ملزم کے اکاؤنٹ میں منتقل کروائے گئے۔
سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے مرکزی ملزم محمد مظہر ولد محمد حنیف کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کا ساتھی محمد جاوید بھی مقدمے میں نامزد ہے۔
ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 201/2025 درج کر کے پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش ایس آئی محبوب الٰہی کی سربراہی میں جاری ہے۔
