دبئی: سمیع منہاس کی شاندار اور طویل اننگز کے بعد علی رضا کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان نے اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔
348 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہو گئی اور پوری ٹیم 26.3 اوورز میں صرف 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارت کے اوپنر ویبھو سوریاونشی نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے صرف 10 گیندوں پر 26 رنز بنائے، جس کے باعث بھارت نے 2.2 اوورز میں 32 رنز بنا لیے۔ تاہم کپتان آیوش مہاترے صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن بکھر گئی۔
فاسٹ بولرز علی رضا اور محمد سیام نے یکے بعد دیگرے گیندوں پر ایرن جارج (16) اور خطرناک ویبھو سوریاونشی کو پویلین واپس بھیج کر بھارت کو 4.1 اوورز میں 49/3 پر لا کھڑا کیا۔
گرین شرٹس نے دباؤ برقرار رکھا اور بھارتی مڈل آرڈر کو مسلسل نقصان پہنچایا۔ ویہان ملہوترا (7)، ویدنٹ تریویدی (9) اور ابھیگیان کنڈو (13) زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 12.3 اوورز میں بھارت کا اسکور 82/6 ہو گیا۔
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت 100 رنز بھی نہ بنا سکے گا، تاہم پاکستان کی فیلڈنگ میں کچھ غلطیوں اور دیپیش دیویندرن کی جارحانہ اننگز کی بدولت بھارت نے سو کا ہندسہ عبور کیا۔ دیپیش نے 16 گیندوں پر 36 رنز بنائے، جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حذیفہ احسن، عبدالصبحان اور محمد سیام نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے۔ حمزہ ظہور اور سمیع منہاس نے تیز آغاز فراہم کیا اور 3.3 اوورز میں 31 رنز جوڑے، تاہم حمزہ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جن کی اننگز میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
اس کے بعد عثمان خان وکٹ پر آئے اور سمیع منہاس کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 92 رنز کی شراکت قائم کی، جس سے اسکور 16.4 اوورز میں 123 تک پہنچ گیا۔ خیلان پٹیل نے عثمان خان کو 35 رنز (45 گیندیں، تین چوکے اور ایک چھکا) پر آؤٹ کر کے بھارت کو اہم کامیابی دلائی۔
دوسری جانب سمیع منہاس نے اپنی شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور نصف سنچری مکمل کی۔ تیسری وکٹ پر سمیع منہاس اور احمد حسین کے درمیان 137 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جس نے پاکستان کو بڑے اسکور کی پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
سمیع منہاس نے 28ویں اوور کی تیسری گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی، جبکہ احمد حسین 72 گیندوں پر 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 37.3 اوورز میں 260/3 تھا۔
اننگز کے آخری مرحلے میں بھارت نے واپسی کی اور پاکستان کی رفتار کو محدود کیا، جس میں سمیع منہاس کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی۔ سمیع منہاس 113 گیندوں پر 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 17 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔
بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن نمایاں بولر رہے، جنہوں نے اپنے 10 اوورز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔
