کراچی، 14 اگست: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر شوبز اور کھیلوں سے وابستہ معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور خوشحالی کے پیغامات شیئر کیے، جبکہ بعض فنکاروں نے ملک کو درپیش سیاسی، سماجی اور سکیورٹی مسائل کی جانب بھی توجہ دلائی۔
متعدد فنکاروں نے سبز و سفید لباس، قومی پرچم اور پاکستان کی خوبصورت مناظر کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے ملک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اداکار شجاع اسد نے قائداعظم محمد علی جناح کے انداز سے متاثر لباس میں اپنی تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ موجودہ حالات سے مایوسی کے باوجود پاکستان ان کا گھر اور شناخت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی قوم مل کر ایک بہتر ملک کی تعمیر کرسکتی ہے۔
اداکارہ ریما خان نے سفید لباس کے ساتھ سبز دوپٹے میں یومِ آزادی مناتے ہوئے پاکستان میں امن، خوشحالی، اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کی۔
حنا الطاف نے بھی سبز و سفید لباس میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتی جب تک سب اس سے یکساں طور پر مستفید نہ ہوں۔
زوباب رانا نے قومی پرچم کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لوگوں پر زور دیا کہ آزادی کے جذبے کو اپنے دلوں اور ذہنوں میں زندہ رکھا جائے۔
اداکار دانش تیمور نے پاکستان کے مسائل اور کامیابیوں پر تفصیلی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اکثر ملک کی صورتحال پر شکایت اور بحث کرتے ہیں، تاہم آخرکار یہی ملک ان کا گھر ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ نفرت اور تقسیم کے بجائے احترام، اتحاد اور ملک کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر توجہ دی جائے۔
ایمن خان نے سبز و سفید لباس میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ملی نغمے کے ساتھ یومِ آزادی مناتی نظر آئیں اور پاکستان کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔
یاسر حسین نے پاکستان کے قدرتی حسن کو اجاگر کرتے ہوئے پہاڑوں، جانوروں، مقامی افراد اور غروبِ آفتاب کے مناظر پر مشتمل تصاویر شیئر کیں۔
اداکارہ زارا نور عباس اور اداکار اسد صدیقی نے اپنے خاندان کے ساتھ آتش بازی دیکھتے ہوئے یومِ آزادی منایا۔ اسد صدیقی نے پاکستان سے اپنی وابستگی اور شناخت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وطن اور اپنی شناخت کا تعلق کسی بیرونی دستاویز سے ختم نہیں کیا جاسکتا۔
فیصل قریشی نے قائداعظم اور علامہ اقبال کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعا کی کہ آزادی، اتحاد اور حب الوطنی کا جذبہ قوم کو مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متاثر کرتا رہے۔
پاکستانی کرکٹرز نے بھی یومِ آزادی کی تقریبات میں حصہ لیا۔ بابر اعظم نے قومی پرچم لہراتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے اپنے حالیہ دورے کی تصویر کے ساتھ پاکستان سے اپنی گہری محبت کا اظہار کیا۔
تاہم بعض فنکاروں نے جشن کے ساتھ ساتھ ملک میں موجود مسائل پر بھی سوال اٹھائے۔ اداکارہ حنا خواجہ نے سیاسی صورتحال اور عوامی تحفظ سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ ایسے حالات میں یومِ آزادی کو کس طرح منایا جائے، خصوصاً جب بچوں کے خلاف سنگین جرائم اور انصاف کی عدم فراہمی کے معاملات سامنے آتے رہیں۔
اقرا عزیز اور سونیا حسین نے بھی سوشل میڈیا پر حالیہ پرتشدد واقعات اور ہلاکتوں کی جانب توجہ مبذول کرائی اور اس سوال کو اجاگر کیا کہ کیا محض جشن منانا کافی ہے یا ملک میں حقیقی تبدیلی اور انصاف کے لیے عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔
اس کے باوجود 14 اگست پاکستانی قوم کے لیے فخر، حب الوطنی اور قربانیوں کو یاد کرنے کا دن رہا، جس نے ایک جانب قیامِ پاکستان کی جدوجہد کی یاد تازہ کی اور دوسری جانب ملک کے مستقبل اور درپیش مسائل پر سوچنے کا موقع بھی فراہم کیا۔
