کراچی: اداکارہ رمشا خان اپنی بہن الیشا کی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز میں نمایاں طور پر نظر نہ آنے کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا موضوع بن گئی ہیں۔
الیشا کی شادی کی تقریبات میں خاندان اور دوستوں کے علاوہ اداکارہ زویا ناصر بھی شریک تھیں، تاہم مداحوں نے مختلف سوشل میڈیا پوسٹس میں رمشا خان کی غیر موجودگی کو فوری طور پر محسوس کیا۔
شادی کی پوسٹس کے کمنٹس میں متعدد صارفین نے سوال کیا کہ رمشا کہاں ہیں، جبکہ بعض مداحوں نے کہا کہ انہیں اداکارہ کی موجودگی کی کمی محسوس ہوئی۔ کچھ صارفین نے رمشا کے شوہر اور ساتھی اداکار خوشحال خان کی عدم موجودگی کی جانب بھی توجہ دلائی۔
رواں سال اپریل میں رمشا خان اور خوشحال خان کی شادی سے متعلق افواہیں اس وقت پھیل گئی تھیں جب ایک دھندلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ دونوں کی نکاح کی تقریب کی تصویر ہے۔
رمشا خان نے بعد میں انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسے دونوں کی اجازت کے بغیر شیئر کیا گیا۔
چند روز بعد رمشا اور خوشحال خان نے خود اپنی شادی کی تصدیق کردی اور اپنی برائیڈل فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
شادی کے بعد سے رمشا خان نے عوامی سطح پر اپنی مصروفیات محدود کردی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی ان کی موجودگی پہلے کے مقابلے میں کم دکھائی دیتی ہے۔
بہن کی شادی کی تقریبات میں ان کی عدم موجودگی نے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے، تاہم رمشا خان یا ان کے خاندان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔
رمشا خان نے گزشتہ سال ڈرامہ ’بریانی‘ میں خوشحال خان کے ساتھ اداکاری کی تھی۔ وہ ’صنفِ آہن‘، ’ہم تم‘ اور ’دنیاپور‘ جیسے معروف ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔
