اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایسے شہریوں کے لیے آن لائن سہولت متعارف کرادی ہے جنہیں دوبارہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ضرورت پیش آئے۔
نادرا کے مطابق اگر کسی شہری کو ایک یا چھ ماہ بعد دوبارہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ درکار ہو تو وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے مطلوبہ تصدیقی عمل مکمل کرسکتا ہے۔
تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد نیا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری کردیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق اس سہولت کا مقصد شہریوں کو متعلقہ دفتر میں ذاتی طور پر جانے کی ضرورت سے بچانا اور سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل آسان بنانا ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ نیا جاری ہونے والا سرٹیفکیٹ متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کو خودکار طور پر ارسال کردیا جائے گا۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تصدیق کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کریں۔ مزید رہنمائی کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے یا سرکاری ویب سائٹ سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
