واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیریئر سفارت کار نیتھلی اے بیکر کو پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر نامزد کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں امریکی سفیر کی خالی اسامی پُر ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے 9 نومبر کو جاری اعلامیے کے مطابق نیتھلی بیکر کا نام منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھیج دیا گیا ہے۔
نیتھلی بیکر اس وقت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی قائم مقام سربراہ (چارج ڈی افیئرز) کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے جنوری 2025 میں سابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی روانگی کے بعد یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔
وہ اس سے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے لیبیا، کویت اور متحدہ عرب امارات میں بھی اہم سفارتی ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔
نیتھلی بیکر کی نامزدگی کی حتمی منظوری امریکی سینیٹ دے گی۔ منظوری ملنے کی صورت میں وہ ڈونلڈ بلوم کے بعد پاکستان میں امریکہ کی پہلی مستقل سفیر ہوں گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور علاقائی تعاون کے معاملات پر سفارتی روابط جاری ہیں۔
