صبح کی دھوپ نہ صرف وٹامن ڈی کا سب سے بہترین قدرتی ذریعہ ہے بلکہ اس کے صحت پر حیران کن مثبت اثرات بھی ہیں جن سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔ اس مضمون میں صبح کی دھوپ کے اہم طبی فوائد اور اسے حاصل کرنے کے مؤثر طریقے بیان کیے گئے ہیں جن پر عمل کرکے صحت مند اور توانائی سے بھرپور زندگی گزاری جا سکتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق وٹامن ڈی انسانی جسم کے لیے نہایت ضروری ہے، اور سورج کی ابتدائی روشنی سے یہ وٹامن قدرتی طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، مصروف طرزِ زندگی کے باعث اکثر افراد کو صبح کی دھوپ سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں ملتا، جو جسمانی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
بھارت کی معروف ماہرِ جلد، ڈاکٹر دیویا گپتا کہتی ہیں کہ وٹامن ڈی نہ صرف ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے بلکہ وزن گھٹانے، قوتِ مدافعت بڑھانے، اعصابی نظام کی بہتری اور دماغی الجھن دور کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جاپان کی اوساکا میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق روزانہ صرف 20 منٹ صبح کی دھوپ لینا ذہنی تازگی، چستی اور توانائی کا باعث بنتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر نیند پوری ہونے کے باوجود آپ سستی، بےچینی یا غنودگی محسوس کر رہے ہوں، تو دھوپ میں تھوڑا وقت گزارنا موڈ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ جسمانی توانائی بھی بحال کرتا ہے۔
وٹامن ڈی آنتوں کے خلیوں میں کیلشیم کو بہتر طور پر جذب کرنے میں مدد دیتا ہے، جس کے نتیجے میں ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔ تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ سورج کی روشنی سے حاصل شدہ وٹامن ڈی جسم میں کیلشیم اور فاسفیٹ کے ہاضمے کو بہتر بناتا ہے، جو ہڈیوں، دانتوں اور پٹھوں کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔