انسپکٹر جنرل سندھ پرزنز اینڈ کریکشن سروس، جناب فدا حسین مستوئی نے سنٹرل جیل اینڈ کریکشنل فیسلٹی کراچی کا 22 جون بروز اتوار اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد جیل میں موجود سیکیورٹی کے انتظامات، قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات، اور بحالی و فنی تربیت سے متعلق جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران آئی جی نے جیل کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا جن میں بیرکس، مرکزی کچن، اسکول آف فائن آرٹس، سہولت تعلیم (SAHEE) کلاسز، موسیقی کلاسز، چائنیز لینگویج سینٹر، اور کمپیوٹر لیب شامل تھے۔
انہوں نے ان تمام سہولیات کے معیار، نظم و نسق اور قیدیوں کی شمولیت کا بغور جائزہ لیا۔ آئی جی نے قیدیوں سے ملاقات کی، ان کے خیالات اور تجاویز سنے، اور فراہم کی جانے والی خوراک، طبی سہولیات اور تربیتی پروگرامز پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ قیدیوں کی بحالی کے عمل کو مزید مؤثر اور انسانی وقار کے اصولوں کے مطابق بنایا جائے۔ سیکیورٹی انتظامات کے تفصیلی جائزے کے بعد آئی جی نے جیل سیکیورٹی کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے لیے جدید اقدامات تجویز کیے جن میں گاڑیوں کی تلاشی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، قیدیوں اور وزیٹرز کے لیے محفوظ و باوقار تلاشی نظام، داخلی و خارجی راستوں پر جدید ایکسیس کنٹرول سسٹم، اور ایک جدید کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر کے قیام شامل ہیں تاکہ سیکیورٹی اور انتظامی امور کی موثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
اس موقع پر فدا حسین مستوئی نے کہا کہ سندھ پرزنز اینڈ کریکشن سروس قیدیوں کی اصلاح، تعلیم، فلاح و بہبود اور جیلوں کی بہتری کے لیے ایک جدید حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور جیلوں کو صرف حراستی مراکز کے بجائے فعال اصلاحی اداروں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
